ریاض(کشمیر ڈیجیٹل)سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کے انتقال کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شیخ صالح الفوزان کو سعودی عرب کا مفتی اعظم مقرر کردیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق شیخ صالح کو سنیئر علما کونسل کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا اور ان کا درجہ ایک وزیر کے برابر ہوگا۔
خیال رہے کہ شیخ صالح الفوزان کو سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کے انتقال کے بعد مملکت کا مفتی اعظم مقرر کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شیخ عبدالعزیز آل الشیخ ہیئت کبار العلماء، ادارہ برائے علمی تحقیقات و افتا، اور مسلم ورلڈ لیگ کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔
شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے انتقال سے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری اسلامی دنیا ایک جلیل القدر عالم دین، محقق، اور اسلامی تعلیمات کے سچے خادم سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے تمام عمر اسلام، سلفی عقائد، اور امت مسلمہ کی رہنمائی میں صرف کی۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ عبدالعزیز کے اہل خانہ، سعودی عوام اور پوری امت مسلمہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ، سعودی عرب کے سب سے اعلیٰ مذہبی منصب پر فائز تھے، اور مکہ مکرمہ میں مقیم رہتے تھے۔ وہ عالمی سطح پر سلفی تحریک کے مؤثر مذہبی رہنما سمجھے جاتے تھے، اور ان کی آراء کو پوری دنیا میں مذہبی حوالوں سے خاص مقام حاصل تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کابھارت میں ہونیوالے جونیئر ہاکی ورلڈکپ سے دستبرداری کا اعلان




