آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے78ویں یومِ تاسیس کی تیاریاں مکمل

کوٹلی: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 78ویں یومِ تاسیس کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، تعلیم، اطلاعات، بلدیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میجر (ر) ناصر رفیق نے کہا کہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا یومِ تاسیس ایک تاریخی اور قومی اہمیت کا دن ہے، جو ہمیں اُن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر یومِ تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی جن میں پرچم کشائی، قومی ترانے کی ادائیگی، طلبہ کے ملی نغمے، تقاریر، اور مشعل بردار ریلیاں شامل ہوں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو قومی جذبے اور خوشی کے ساتھ اس دن کو منانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس صرف ایک تقریب نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں ریاستِ جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، اور عوامی خدمت کے عزم کی یاد دہانی کراتا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ضلع بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد مقبوضہ کشمیر کی آزادی، ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ صبح دس بجے ضلعی ہیڈکوارٹر میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی جہاں پرچم کشائی کی جائے گی، جبکہ تمام تحصیلوں میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات ہوں گی۔ ان تقریبات کے دوران شہداء آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام شہری، تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر اپنی عمارتوں پر قومی و ریاستی پرچم لہرا کر اس دن کی اہمیت کو اجاگر کریں تاکہ نئی نسلیں بھی اپنی تاریخ اور شناخت پر فخر کر سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ۲۷ اکتوبر کو یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جبکہ ۶ نومبر کو یومِ شہدائے جموں بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: ناقص معیار اور زائد المعیاد اشیاء خوردونوش رکھنےپر دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیض عالم، اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر، تحصیل مفتی حبیب اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت میاں نوید اللہ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر امجد رفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت طارق محمود، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اوقاف شفیق الرحمن ڈار، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری محمد اسحاق، نائب مہتمم برقیات محب علی صادق، نائب مہتمم شاہرات ماجد حسین، نائب مہتمم پبلک ہیلتھ محمد فرحان کریم، ریسکیو آفیسر 1122 ماجد ملک، سول ڈیفنس سے صوبیدار اخلاق حسین، نگران دفتر ڈی ای او مردانہ محمد ضمیر، ایس ڈی او بلڈنگ توصیف عامر، فوکل پرسن سپورٹس اسرار یونس، اسٹیٹ آفیسر کے ڈی اے محمد ممتاز ملک، چیف آفیسر بلدیہ راشد محمود، ڈی ایچ او آفس سے ڈاکٹر فدا بٹ، انفارمیشن آفیسر شوکت علی ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عامر زیب، ڈی ایس پی سٹی کوٹلی محمد الیاس جنجوعہ، نگران دفتر ڈی ای او نسواں عبدالواحد سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

Scroll to Top