پونچھ میں جرائم کی روک تھام ، ٹریفک قوانین خلاف ورزیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

راولاکوٹ:کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ ریجن سردار ظہیر احمد نےکہا ہےکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست نے ہمیں سونپی ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔

افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مسعود الرحمن نے کہا کہ اس خطہ میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور قانون کی عملداری کے لیے انتظامیہ اور پولیس اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹ پولیس قانون میں موجود تمام اختیارات کو عوامی فلاح اور امن و امان کے قیام کے لیے استعمال کریں۔

قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قانون کا بول بالا ہو،ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی منصوبے جات کی نگرانی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔

ٹریفک چیکنگ، بدوں لائسنس ڈرائیونگ اور بدوں کاغذات گاڑیوں اور موٹر سائیکل کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ پولیس رات کے گشت کرے اور جرائم کی روک تھام پر مزید سخت اقدامات کرے تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔

یہ بھی پڑھیں: ایس ایس پی پونچھ خاورعلی شوکت دنیا کے ٹاپ40افسران میں شامل، عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین، ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی، ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق، ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت خان سمیت پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلعی ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کی تقریبات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
کمشنر پونچھ ڈویژن اور ڈی آئی جی پولیس نے گزشتہ دنوں ہونے والی ہڑتال کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کی موثر کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

Scroll to Top