آل آزاد کشمیر انٹر سکولز کیوئز مقابلہ،گورنمنٹ مڈل سکول سرلے پتن شیر خان نے میدان مارلیا

بیٹھک اعوان آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کی سطح پر “تاریخِ کشمیر” کے موضوع پر منعقدہ انٹر سکولز کیوئز مقابلے میں ضلع سدھنوتی نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔

اس مقابلے میں ضلع سدھنوتی کی نمائندگی گورنمنٹ بوائز مڈل سکول سرلے پتن شیر خان نے کی، جس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام اضلاع پر سبقت حاصل کی۔

مقابلے میں ضلع پونچھ نے دوسری جبکہ ضلع بھمبر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب میں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو نمائشی چیکس سے نوازا گیا، جبکہ تمام شریک ٹیموں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

گورنمنٹ مڈل سکول سرلے کی اس کامیابی پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) سدھنوتی وحید عالم، صدر ایس ٹی او تحصیل بلوچ، علاقہ کی سماجی شخصیات اور عوامی حلقوں نے سکول کے طلباء، اساتذہ اور صدر معلم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

ڈی ای او وحید عالم نے ضلع بھر میں ان مقابلوں کی تیاری کے لیے تحصیل وائز کمیٹیوں کی تشکیل، ادارہ جاتی سطح پر مقابلہ جات کا انعقاد، اور تمام سکولوں کی شمولیت کو یقینی بنایا۔ ان کی متحرک قیادت اور مربوط حکمت عملی کو اس کامیابی کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر ایس ٹی او تحصیل بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر محنت، خلوص اور اچھی قیادت میسر ہو تو سرکاری تعلیمی ادارے بھی کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو ضلع سدھنوتی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

عوامی حلقوں نے بھی مڈل سکول سرلے کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پورے ضلع کے تعلیمی وقار کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی حکومت کے مابین مذاکرات ، معاہدے پر فوری عملدرآمد کا حکم

Scroll to Top