مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے علیمہ خان کی گرفتاری کا حکم دے دیا

راولپنڈی: (کشمیر ڈیجیٹل)انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے تیسری بار ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ یہ اقدام ان کی مسلسل عدم پیشی کے باعث کیا گیا۔ عدالت نے ایس پی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق، 26 نومبر 2022 کے احتجاج سے متعلق درج مقدمات کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ہوئی۔ مقدمے میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔ سماعت کے دوران علیمہ خان کے علاوہ 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مالِ مقدمہ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل غیرحاضری پر ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں آئندہ سماعت پر لازمی طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ دونوں کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ مزید برآں، عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ضامن کی جائیداد سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ قانونی تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔

دورانِ سماعت، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں، جس کے باعث وہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔ پراسیکیوٹر کے مطابق، ملزمہ کی عدم حاضری عدالتی نظام کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد گرفتاری کے احکامات برقرار رکھے اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:منگلا انٹری پوائنٹ پر فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 200 لیٹر ناقص دودھ اور 25 کلو کھویا تلف

یاد رہے کہ 26 نومبر 2022 کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں احتجاج کیا گیا تھا، جس دوران توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔ اس احتجاج کے بعد علیمہ خان سمیت کئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جن میں دہشتگردی، ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل تھیں۔ عدالت میں ان مقدمات کی کارروائی جاری ہے اور علیمہ خان کی بار بار عدم پیشی کے باعث عدالت نے ان کے خلاف تیسری مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔