پاک فضائیہ کے جے ایف-17 بلاک تھری طیارے فضائی مشق کیلئے آذربائیجان پہنچ گئے

راولپنڈی (19 اکتوبر 2025): پاک فضائیہ کا ایک دستہ جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں کے ساتھ دو طرفہ فضائی مشق “انڈس شیلڈ الفا” میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچ گیا ہے۔ اس مشق میں ماہر فضائی اور زمینی عملہ بھی شامل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان اور آذربائیجان کی فضائیہ کے درمیان یہ مشق آذربائیجان میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر کسی رکاوٹ کے کامیاب پرواز مکمل کی، جس دوران فضا میں ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کا کامیاب مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق، پی اے ایف کے IL-78 ایئر ٹینکر نے اس مشق میں اپنی فضائی ری فیولنگ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فضا میں ایندھن کی فراہمی کا یہ عمل پاک فضائیہ کے طیاروں کی طویل فاصلے تک ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت کو واضح کرتا ہے، جو کسی بھی جدید فضائی قوت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ “انڈس شیلڈ الفا” مشق میں جدید فضائی جنگی حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور آذربائیجان کی فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ آپریشنل مہارت کو فروغ دینے کے لیے عملی سرگرمیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشق کے دوران مشترکہ مشن پلاننگ، عملدرآمد اور جدید فضائی ٹیکنالوجی کے تبادلے پر بھی کام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک کے فضائی دفاع سے متعلق ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کھیل بھی تعلیم بھی ساتھ، نوجوان کرکٹرز کے لیے پی سی بی کا تاریخی اسکالرشپ پروگرام کا آغاز

آئی ایس پی آر کے مطابق، ان مشقوں کا ایک اہم پہلو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی اور فضائی برتری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے۔ پاک فضائیہ عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تربیتی تعاون اور بین الاقوامی آپریشنل صلاحیت کے باعث تسلیم شدہ ہے، جو اس کی مسلسل ترقی اور عالمی شراکت داری کا ثبوت ہے۔

Scroll to Top