چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطنِ عزیز کے دفاع ، قوم کے عزم اور مسلح افواج کی قربانیوں سے متعلق ایک انتہائی اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اللہ کی نصرت اور عوام کی حمایت سے اپنے وطن کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا نہ صرف بھرپور مقابلہ کیا بلکہ ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے خلاف ہونے والی ہر جارحیت، سازش یا پراکسی وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور پاکستان نہ صرف ان الزامات کو مسترد کرتا ہے بلکہ عالمی برادری کے سامنے حقائق بھی رکھے جا چکے ہیں ۔ فیلڈ مارشل کے مطابق بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے نوجوانوں کا کردار قابلِ ستائش ہے، جو ہر موقع پر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ’معرکۂ حق و باطل‘ میں پوری قوم ’سیسہ پلائی دیوار‘ بن کر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور افواج کے درمیان رشتہ غیر متزلزل اور ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “یہ رشتہ محض عسکری نہیں بلکہ قومی یکجہتی، اعتماد اور قربانیوں سے جُڑا ہوا ہے ۔
فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم آپریشن سے نہ صرف اندرونی سیکیورٹی کو مضبوط کیا گیا بلکہ اس نے قوم کے اعتماد کو مزید بڑھایا۔ ان کے مطابق پاک فوج نے اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیت کا ہر میدان میں لوہا منوایا ہے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اور اس حوالے سے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت امت مسلمہ میں ایک اہم اور فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ امت کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں پاکستان کا کردار نہ صرف سفارتی سطح پر نمایاں ہے بلکہ سیکیورٹی و استحکام کے حوالے سے بھی کلیدی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا درخشاں باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، شہبازشریف
ان کے خطاب نے نہ صرف افواجِ پاکستان کے حوصلے کو بلند کیا بلکہ پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے، اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جائے گا ۔
اس سے قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں اینٹی گریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر تھے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کیڈٹس نے ملک و قوم کے بھروپر دفاع کا حلف اٹھایا ۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے اور مارچ پاسٹ سے ہوا، جس میں کیڈٹس نے انتہائی نظم و ضبط، جوش و جذبے اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے علاوہ دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 40 غیر ملکی کیڈٹس بھی کامیابی سے تربیت مکمل کر کے پاس آؤٹ ہوئے ۔
غیر ملکی کیڈٹس کا تعلق سری لنکا، عراق، فلسطین، نائیجیریا، بنگلادیش، قطر، مالدیپ، مالی، نیپال اور یمن جیسے دوست ممالک سے ہے ۔ ان کیڈٹس کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی عسکری تربیت کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ آج ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں جو وطن کی خدمت، قربانی اور فرض شناسی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’افواجِ پاکستان ہر حال میں ملکی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی تربیت کو اپنے ممالک میں مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے ۔
پریڈ کے اختتام پر کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو شمشیریں، میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں ۔
یہ تقریب نہ صرف ایک عسکری روایت کا حصہ تھی بلکہ اس نے وطن سے محبت، عزم، اور نوجوان نسل کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی ۔




