سمال انڈسٹریز

سمال انڈسٹریز کو پروموٹ کرنے کیلئے آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل )مظفرآباد میں وزیر برائے سمال انڈسٹریز کارپوریشن محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ اور محکمانہ ملازمین کے مسائل کے حل پر غور کیا گیا ۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں وزیر برائے سمال انڈسٹریز کارپوریشن، ٹریڈ و ٹریول اتھارٹی محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ، گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ بجٹ اور محکمانہ ملازمین کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری سمال انڈسٹریز چوہدری عبدالرحمان، سپیشل سیکرٹری محسن گیلانی ، ایم ڈی سمال انڈسٹریز ذیشان عارف ، چیف پلاننگ چوہدری یاسر بشیر، ڈائریکٹر وحید مغل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور نئے پروجیکٹس کے نفاذ کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی ۔ شرکاء نے محکمانہ ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر مراعات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سمال انڈسٹریز کو فروغ دینے کے لیے اعزازی کوآرڈینیٹرز تعینات کیے جائیں گے جو مختلف شعبوں میں صنعت کو فعال بنانے میں معاون ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم لون پروگرام میں کرپشن برداشت نہیں کروں گی:تقدیس گیلانی کا اعلان

وزیر محترمہ تقدیس گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد سمال انڈسٹریز کے لیے بلا سود قرضوں کا آغاز کرنے جا رہی ہے تاکہ گھریلو صنعت کو زیادہ سے زیادہ فعال اور مستحکم بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو فروغ دیا جائے، تاکہ مقامی صنعت کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو ۔

اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ملازمین کے مسائل کے حل اور سمال انڈسٹریز کی ترقی کے لیے حکومتی منصوبوں کو عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔

Scroll to Top