حویلی فارورڈ کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کا یونین کونسل بھیڈی کے تعلیمی اداروں کا دورہ
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر (مردانہ) ضلع حویلی کہوٹہ خواجہ مشتاق احمد بٹ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر خواجہ جاوید اقبال اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر سید عبدالمجید بخاری نے یونین کونسل بھیڈی کے مختلف تعلیمی اداروں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تعلیمی معیار کو جانچنا، اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور تعلیمی اداروں میں موجود سہولیات کا معائنہ کرنا تھا۔
وفد نے اپنے دورے کے دوران کئ تعلیمی اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا: گورنمنٹ بوائز مڈل سکول خواجہ بانڈی،،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول موہری میدان
گورنمنٹ بوائز مڈل سکول موٹاں والی۔۔۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈوبا بھیڈی
افسران نے ہر ادارے میں طلباء کی حاضری، اساتذہ کی تدریسی کارکردگی، کلاس روم کے ماحول، دستیاب سہولیات، تعلیمی نتائج اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
انہوں نے طلباء سے براہِ راست تعلیمی سوالات بھی کیے اور اساتذہ سے نصاب کی تدریسی حکمتِ عملی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر خواجہ مشتاق احمد بٹ نے واضح ہدایت کی کہ تمام اساتذہ بائیو میٹرک حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ غیر حاضری کے مسئلے کا خاتمہ ہو سکے۔
انہوں نے اساتذہ کو تاکید کی کہ وہ طلباء کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ دیں، وقت کی پابندی کریں اور کلاس روم میں تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر خواجہ جاوید اقبال نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، لہٰذا ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے تعلیمی اداروں کو بہترین مثال بنائیں۔
اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر سید عبدالمجید بخاری نے اس بات پر زور دیا کہ پرائمری سطح پر مضبوط بنیاد رکھنے سے ہی اعلیٰ تعلیم کے نتائج بہتر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر افسران نے اساتذہ کرام کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ بھی کی جس میں اداروں کے انتظامی امور، طلباء کے داخلے کی شرح، حاضری کے نظام اور امتحانی نتائج پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
افسران نے مجموعی طور پر اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ تعلیم ضلع حویلی میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔




