سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جانیےآج کے ریٹس

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہےاور آج یہ قیمتی دھات ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا مہنگا ہوا، جس کے اثرات براہِ راست مقامی صرافہ مارکیٹ میں دیکھے گئے، جہاں نرخوں میں خاطرخواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (APGJSA) کے مطابق فی تولہ 24 قیراط سونا 1,900 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 42 ہزار 800 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 10 گرام سونا 1,629 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 79 ہزار 629 روپے کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 19 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 217 ڈالر تک جا پہنچی، جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر اقتصادی غیر یقینی صورتحال، کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ، اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش نے سونے کو دوبارہ ایک مضبوط “سیف ہیون” کے طور پر ابھارا ہے۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی، شرحِ سود میں ممکنہ تبدیلی کے امکانات اور سیاسی بے یقینی نے بھی اس رجحان کو مزید تقویت دی ہے۔

چاندی کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا اور فی تولہ نرخ 5 ہزار 337 روپے جبکہ 10 گرام 4 ہزار 575 روپے پر برقرار رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ورلڈ گولڈ کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق 2024ء میں مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو گزشتہ دہائی کی اوسط سالانہ خریداری سے تقریباً دگنا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر امریکا، جرمنی اور اٹلی کے پاس ہیں، جب کہ ایشیا میں چین اور بھارت سرفہرست اور پاکستان 49ویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جگر کو چربی سے بچانے کے لیے اس چیز سے مکمل پرہیز کریں

سونے کی اس تیزی نے مہنگائی کے دباؤ میں مبتلا عوام کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ سرمایہ کار طبقہ اس اضافہ کو اپنے لیے نفع بخش موقع قرار دے رہا ہے۔

Scroll to Top