2025 کی آخری سہ ماہی کیلئے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک سرفہرست ہیں۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی اکتوبر سے دسمبر 2025 کیلئے جاری کی گئی فہرست میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو ایک بار پھر طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے۔
فہرست میں بتایا گیا کہ سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 193 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔دوسرے اور تیسرے نمبر پر بھی 2 ایشیائی ممالک موجود ہیں۔
جنوبی کوریا کے حصے میں دوسرا نمبر آیا جس کے پاسپورٹ پر 190 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔جاپانی پاسپورٹ تیسرے نمبر پر رہا جس پر 189 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے۔
چوتھا نمبر مشترکہ طور پر 5 ممالک کے نام رہا جن کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں ویزا فری سہولت موجود ہے۔یہ ممالک جرمنی، اٹلی، لگسمبرگ، سوئٹزر لینڈ اور اسپین ہیں۔
ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئرلینڈ، بیلجیئم، آسٹریا اور نیدرلینڈز کے حصے میں 5 واں نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 187 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔
186 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ یونان، ہنگری، نیوزی لینڈ ، ناروے اور سویڈن کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر رہے۔
اس فہرست میں سفر کی آسانی پر توجہ مرکوز کرکے ممالک کی درجہ بندی کی جاتی ہے اور امریکی پاسپورٹ پہلی بار ٹاپ 10 سے باہر ہوگیا ہے، جو کسی زمانے میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سمجھا جاتا تھا۔
ایسا اس انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا اور اب یہ 12 ویں نمبر پر موجود ہے۔
کونسے پاسپورٹس نے زیادہ اونچی چھلانگ لگائی؟
کمپنی کے مطابق چین اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس گزشتہ ایک دہائی میں تیزی سے اوپر آنے والے پاسپورٹس ہیں۔
چینی پاسپورٹ کی رینکنگ میں ایک دہائی کے دوران 30 درجے بہتری آئی اور اب یہ 64 ویں نمبر پر ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کی رینکنگ میں بھی 10 سال کے دوران 34 درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ ابھی 8 ویں نمبر پر ہے۔
دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس
پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 103 واں نمبر آیا اور اس پر 31 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔
پاکستان سے نیچے عراق (104)، شام (105) اور افغانستان (106) رہے۔
پاکستان سے اوپر صومالیہ 102 ویں، نیپال 101 ویں، شمالی کوریا اور بنگلا دیش 100 ویں، فلسطین، اریٹیریا اور لیبیا 99 ویں، ایران، سری لنکا اور سوڈان 98 ویں جبکہ جنوبی سوڈان اور جمہوریہ کانگو 97 ویں نمبر پر موجود ہیں۔




