دفتر خارجہ کی غیرملکی سفیروں کو پاک افغان سرحدی صورتحال پر بریفنگ ،قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

اسلام آباد:وزارت خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو پاک افغان سرحدی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سےجاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو اجاگر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایاکہ سیکرٹری خارجہ نے بریفنگ کے دوران علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں افغانستان کو ایک بار پھر پیغام دیا کہ وہ اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ توقع ہے طالبان حکومت دوحہ میں عالمی برادری سے کیے وعدوں پر عمل کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کرم سیکٹر پرپاک فوج کی پے درپے کارروائیاں،ٹینک تباہ، متعدد ہلاک، افغان طالبان نے سفید جھنڈالہرا دیا

ترجمان دفترخارجہ نے افغان حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغان ترجمان پر زور دیتے ہیں کہ وہ افغانستان سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان ترجمان ایسے معاملات پر تبصرہ نہ کریں جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی طرف سے کرم سیکٹرپر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔

پاک فوج نے جوابی کارروائی میں دشمن کی کئی پوسٹوں کا نقصان پہنچایا جبکہ ٹینک بھی تباہ کئے گئے جس پر طالبان کی جانب سے سفید جھنڈا لہرایا گیا ہے۔

اس سے قبل 11 اور 12 اکتوبر کی رات کو افغانستان نے پاکستان کی حدود میں فائرنگ کی تھی، جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 200 سے زیادہ افغان فوجی اور خوارج ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان نے افغانستان پر واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائےگی، اور بھرپور جواب دیا جائےگا۔

Scroll to Top