لاہور: جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل کے تیسرے دن پاکستان ٹیم نے کھانے کے وقفے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنالیے جبکہ مجموعی طور پر 145 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے امام الحق اس مرتبہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ وہ سیمون ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں ناکام رہے اور اسٹمپ ہوگئے۔ کپتان شان مسعود، جنہوں نے پہلی اننگز میں 76 رنز بنائے تھے، دوسری اننگز میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
وکٹ پر اس وقت عبداللہ شفیق 21 اور بابراعظم ایک رن کے ساتھ موجود ہیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے بعد پاکستان کو دوسری اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ تیسرے دن کے آغاز پر جنوبی افریقہ نے 216 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تھی۔ ٹونی ڈی ذورزی نے 81 اور سینورن متھوسوامی نے 6 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تاہم متھوسوامی 11 رنز بناکر ساجد خان کا شکار ہوئے۔ ٹونی ڈی ذورزی نے 104 رنز بنائے مگر نعمان علی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ گیسو ربادا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 3 جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ لی۔
یہ بھی پڑھیں: جڑواں شہروں میں معمولاتِ زندگی بحال، میٹرو بس جزوی طور پر چلنے لگی، تعلیمی ادارے بھی کھل گئے
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے، امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93، 93 رنز، محمد رضوان نے 75 اور کپتان شان مسعود نے 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔




