میرپور، باغ اورگھڑی دوپٹہ میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹیٹیوٹ قائم کرینگے، وزیرصحت

میرپور:آزاد کشمیر کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے کہاہےکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کے لئے ہیلتھ پیکج دیاہے، جلد صحت کارڈ بھی جاری کریں گے، ہسپتالوں میں تسلی بخش سروسز فراہم کررہے ہیں۔

کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی میرپور کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار انصر ابدالی نے کہا کہ دو سال کے اندر اندر سی ایم ٹی کی اپنی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ ہوگی۔سی ایم ٹی کو الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل انسٹیٹیوٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرپور، باغ اورگھڑی دوپٹہ میں الائیڈ ہیلتھ پروفشنل انسٹیٹیوٹ قائم کرنے جا رہے ہیں جس سے آزاد کشمیر میں پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی دور ہوگی یہ تینوں انسٹیٹیوٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ہا کی سربراہی میں کام کریں گے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں الٹرا ساؤنڈ کے لیے بھی تین چار ہفتوں بعد تاریخ نہیں ملتی جبکہ ہمارے ہاں ہسپتالوں میں مریض آئے اور 2گھنٹے کا انتظارکرنا پڑ جائے تو ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔

جتنا بجٹ فراہم کیاجاتا ہے اس کے مقابلے میں سروسز خراج تحسین کے لائق ہیں، جہاں کہیں خرابیاں ہیں ان کو درست کیا جانا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات کا کوئی نعم البدل نہیں،چوہدری عبدالمجید نے میرپور میں میڈیکل کالج بنانے کی وجہ سے آزاد کشمیر میں 3میڈیکل کالج بنائے۔

ابدالی کا کہنا تھا کہ شعبہ طب سے وابستہ ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل و نرسنگ سٹاف ہیلتھ پروٹول کے مطابق فرائض ادا کریں انہیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،کسی کوان کی بلا وجہ عزت نفس کو مجروح نہیں کرنے دیں گے۔

 

 

 

Scroll to Top