مظفرآباد: مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر، امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ ثاقب مجید راجا نے کہا ہے کہ امن ریلی نکالنا ہمارا حق تھا ، ہمارے اوپر ایکشن کمیٹی والوں نے حملہ کیا، ہم نے اپنے دفاع کی کوشش کی۔
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں ثاقب مجید راجا نے کہا کہ سدھیر ایکشن کمیٹی کے ہاتھوں سے شہیدہوا، جس جگہ شہادت ہوئی وہاں ہمارا کوئی بندہ موجود نہیں تھا، ہم صدر تھانے کی طرف گئے ہی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سٹی تھانہ میں واقعہ کی ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں شہید ہونیوالوں کا حوالہ دیا گیا ہے،ہم نے شوکت نواز میر کو نامزد کیا ہے جبکہ 2ہزار نامعلوم افراد کو نامزد کیا ہے
ثاقب مجید راجا نے دعویٰ کیا کہ ایکشن کمیٹی نے شروعات کی،جھوٹے پر اللہ کی لعنت ،ہماری گاڑیوں پر گولیاں لگی ہیں،فائرنگ ایکشن کمیٹی کی والوں کی طرف سے بھی کی گئی،میری گاڑی میں کوئی اسلحہ تھا نہ میرے پاس کوئی اسلحہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی پرچم کیساتھ امن مارچ کیاہمارے اوپرلڑائی مسلط کی جس پر ہم نے اپنادفاع کیا،ہم نے کسی کی جان نہیں لی، ایکشن کمیٹی 17لوگوں کی جان لے چکی ہے۔
یہ شروع دن سےدھمکیاں دے رہے ہیں، یہ تمبر کے ڈنڈے لے کر نکل رہے ہیں،چمیاٹی میں جو واقعات ہوئے ہیں اس پر بھی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں،راولاکوٹ پرامن رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی میں بہت سے چور ،ڈاکواور ڈکیت شامل تھے،کوہالہ چوکی کا پنکھا ہجیرہ سےبرآمد ہوا،یہ کوہالہ چوکی سے شراب کی بوتلیں کیوں لے کر گئے؟ میٹریس کیوں لے کر گئے؟چمیاٹی میں پولیس اہلکار کے لاش کی بے حرمتی کی گئی ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سٹی تھانے کی حدود سے باہر گئے ہی نہیں تو تھانہ صدر کے حدود کی ایف آئی آر کیسے مانیں ؟ یہ ایف آئی آر فیک ہے اسے ہم نہیں مانتے۔
انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی نے25ستمبر کے مسودہ پرہی اتفاق کیا ہے تو احتجاج کیوں کیا، مہاجرین نشستوں پر 25ستمبر کو بھی یہی طے ہوا تھا کہ معاملہ آئین وقانون کے تحت طے ہوگا۔
مہاجرین جموں وکشمیر سستی بجلی اور سستے آٹے کیلئے نہیں آئے ، وہ سب کچھ چھوڑ کرآئے ،وہ نظریہ کی بنیاد پر آئے پاکستان کی محبت میں آزادی جیسے عظیم مقصد کیلئے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نےکہا تھا کہ بات سڑکوں کی ہو تو ہندوستان سونے کی بنا کر دینے کو تیار ہے ، آج راجناتھ سنگھ کا بیان بھی سن لیں۔
ثاقب مجید کا کہنا تھا کہ ہم سب کو متحد ومتفق ہو کر یاسین ملک کو بچانے کیلئے ہندوستان کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے اور مارچ کرنا ہے تو ہندوستان کی طرف کئے جائیں ، ہم یاسین ملک کو بھول گئے ہیں اور شہداء کو بھی بھول گئے ہیں، یہ سوچنے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کئ بغیر انڈیا سے مقبوضہ کشمیر آزادنہیں کرایا جاسکتا، سب کویہ یاد رکھنا ہوگا۔




