مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سڑکیں تیسرے روز بھی بند ہیں۔
نجی نیوز چینل کے مطابق احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کی شاہراہوں پر تاحال کنٹینرز لگے ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میٹرو بس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے جبکہ احتجاج کے باعث مارکیٹیں بھی بند ہیں۔ ایکسپریس وے، فیض آباد اور آئی جی پی روڈ مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والا فیض آباد انٹرچینج بھی سیل ہے۔
ائیرپورٹ جانے والے راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ ڈیٹا سروس تیسرے روز بھی معطل ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: چترال کے قریب پاک فوج نے افغان پوسٹ پر سبز ہلالی پرچم لہرادیا
جڑواں شہروں میں مختلف مقامات پر شہریوں اور پولیس اہلکاروں میں تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آئےاور سڑکوں پر ایمبولینسیں پھنس گئیں ۔ ایک بچے کی والدہ اسپتال تک رسائی کے لیے رو رو کر راستہ مانگتی رہیں جبکہ ایک ضعیف مریض کو حالت خراب ہونے پر ایمبولینس میں ہی ڈرپ لگانی پڑی۔




