ہٹیاں بالا :آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے شہر چناری کے ملحقہ گاؤں گڑتھامہ سے محنت مزدوری کیلئےکراچی جانے والا 4معصوم بچوں کا باپ 9ماہ سے لاپتہ، کوئی سراغ نہ مل سکا۔
مبینہ طور پر غائب ہونے والے شخص کی اہلیہ بچوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا پہنچ گئی ۔ خاوند بازب نہ ہونے پر بچوں سمیت دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کا بھی اعلان کردیا۔
چار بچوں کی ماں کوثر جبین زوجہ خالد نذیر خلجی نے صحافیوں کو بتایا کہا کہ میرا خاوند کراچی کی ڈیلی کالونی میں محنت مزدوری کرتا تھا،9ماہ سے خاوند کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔بچے فاقوں پر مجبورہیں،کئی کئی دن تک بھوکا رہنا پڑتا ہے،کوئی بھی میری مدد نہیں کررہا ، میں ایک بیوہ اور بچے یتیموں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں ۔
خاتون نے کہا کہ میرے خاوند کے زندہ یا مردہ ہونے کا کنفرم کیا جائے،وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق،وزیر اعلیٰ سندھ مجھے شیلٹر فراہم کرتے ہوئے میری مدد کریں۔
تقریباً دو ماہ قبل جہلم ویلی انتظامیہ کو بھی خاوند کی بازیابی اور بچوں سمیت سر چھپانے کیلئے شیلٹر کی فراہمی کے لیے درخواست دے چکی ہوں لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی، مخیر حضرات بھی میری مدد کیلئے آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ خاوند کی بازیابی کیلئے وفاقی وزیر داخلہ ،چیف سیکرٹریز،آئی جی سندھ اور آزاد کشمیر بھی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں،حالات سے تنگ ہوں خاوند بازیاب نہ کروایا گیا تو کسی وقت بھی دریا میں بچوں سمیت چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر دوں گی ۔
یہ بھی پڑھیں:بھمبر،سماہنی میں اپنی مدد آپ تحصیل کا سب سے بڑا گرائونڈ تعمیر