راولاکوٹ (بیورو رپورٹ)بہروٹہ تا کھیریاں، سملان تا گیگن اور بہکاں تا گلیاں پاچھیوٹ سڑکوں کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار، عوام شدید اضطراب کا شکار، محکمہ شراہات کیخلاف سراپا احتجاج ۔
تفصیلات کے مطابق بہروٹہ تا کھیریاں سڑک پر گزشتہ تین سال سے کام بند ہے، جبکہ سملان تا گیگن سڑک بھی تین سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکی۔ اسی طرح کے ڈی پی کے تحت بہکاں تا گلیاں پاچھیوٹ سڑک کا ٹینڈر ہوئے دو سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے لیکن تاحال کام شروع نہیں کیا گیا۔
عوامِ علاقہ کھیریاں و مانکوٹ نے احتجاجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل سڑک کا ٹینڈر ہوا تھا مگر ابھی تک کام شروع نہیں ہوا، جس سے عوام کو آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔
یو سی پاچھیوٹ گیکن کے عوام نے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سملان تا گیگن سڑک پر تین سال گزرنے کے باوجود ایک دیوار یا سیفٹی وال تک تعمیر نہیں کی گئی۔
کے ڈی پی کے منصوبے پر دو سال گزر جانے کے باوجود کسی قسم کا عملی کام شروع نہیں ہوا، جو محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے ایکسین اور ایس ای کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مقررین نے اعلان کیا کہ اگر محکمہ جلد کام کا آغاز نہ کرے تو آئندہ چند دنوں میں عوام کی مشترکہ میٹنگ بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات خراب ہوئے تو اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے آفیسران پر عائد ہوگی احتجاجی پروگرام سے کھیریاں سے کامران خادم، مولانا نعیم اختر، فیاض شاہد، عرفان خادم، بشارت شایق جبکہ گیگن پاچھیوٹ سے طاہر صادق، امین جنت، نواز خان، طلعت شوکت، زاہد خان، حارث الیاس، شاہد خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
اس موقع پر سابق معاونِ خصوصی برائے ترقیاتی پروگرام وزیراعظم آزاد کشمیر سردار طاہر سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے افسران ہوش کے ناخن لیں اور فوراً زیرِ التوا منصوبوں پر کام شروع کریں، ورنہ عوام کو مجبوراً سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اختیارات کا غلط استعمال،موٹرسائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ٹریفک اہلکار معطل




