واشنگٹن: امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے چین پر اضافی درآمدی ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر چین پر 100 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نومبر سے چینی درآمدات پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، امریکی مصنوعات کے تحفظ کے لیے سخت تجارتی اقدامات کیے جائیں گے۔
چینی مصنوعات پر پہلے ہی امریکا کی جانب سے 30 فیصد ٹیرف عائد ہے۔اب نئے درآمدی ٹیکس کے اعلان کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹیں گر گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی وزیراعظم مودی کی مشکلات میں مزید اضافہ؛ادویات پر 100 فیصد ٹیرف عائد
ٹرمپ نے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ٹروتھ سوشل پر ایک طویل پوسٹ میں کہا تھا کہ چین نے دنیا بھر کے ممالک کو نایاب معدنیات کی برآمدی پابندیوں سے متعلق خط بھیجے ہیں۔
یہ نایاب معدنیات اسمارٹ فونز، برقی گاڑیوں، فوجی آلات اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی میں استعمال ہوتی ہیں اور ان کی پیداوار اور پراسیسنگ میں چین عالمی سطح پر سب سے آگے ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین کو دنیا کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے چین کے رویے کو انتہائی دشمنانہ قرار دیا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ وہ ممکنہ طور پر چینی صدر شی جن پنگ سے (APEC) اجلاس میں نہیں ملیں گے، جو رواں ماہ جنوبی کوریا میں ہونا تھا۔




