ایس ایس پی پونچھ خاورعلی شوکت دنیا کے ٹاپ40افسران میں شامل، عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

اسلام آباد: آزاد کشمیر پولیس کا ایک بڑا اعزاز ،ایس ایس پی پونچھ خاور علی شوکت کوانٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کے ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کی طرف سے دنیا بھر سے انڈر40کے 40افسران کو ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا ہے جن میں پاکستان سے صرف ایس ایس پی پونچھ خاور علی شوکت شامل ہیں۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کی ایوارڈ کی 3روزہ کانفرنس18اکتوبر سے امریکا کے شہر ڈینورمیں ہوگی جہاں خاور علی شوکت اپنا ایوارڈ وصول کریں گے۔

یہ انٹرنیشنل ایوارڈ ہر سال انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کی طرف سے دنیا کے 40 پولیس افسران کو پولیس کیلئے اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات ،معاشرے سے برائیوں کے خاتمے اور انٹرنیشنل معیار کے مطابق پولیس سسٹم پر عملدرآمد کرنے کے اعتراف میں دیا جاتا ہے ۔

خاور علی شوکت آزاد کشمیر پولیس کے ایک نوجوان ، بہادر اور دلیر آفیسر ہیں جنہوں نے ہمیشہ پولیس میں قانون و آئین کی بالادستی قائم رکھتے ہوئے امن و امان کے قیام ،معاشرے سے جرائم ، منشیات کے خاتمے سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے پولیس سسٹم میں اعلیٰ اور پیشہ ورانہ خدمات کو بہترین طریقہ سے سر انجام دینے کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

اس انٹرنیشنل ایوارڈ کے لئے ان کی نامزدگی آزاد کشمیر اور پاکستان کے لئے بھی ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔یاد رہے کہ خاور علی شوکت کا تعلق ضلع کوٹلی سے ہے۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت رواں ہفتہ میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے امریکہ کے شہر کولاراڈو میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیس کانفرنس میں شرکت کے لئے روانہ ہونگے ۔ ان کی انٹرنیشنل ایوارڈ کے حصول کے لئے نامزدگی سے آزاد کشمیر پولیس اور ان کے خاندان سمیت دوست و احباب میں بھی خوشی کی لہر دوڑ آئی ہے انہیں اس ایوارڈ کے لئے مبارک باد دی جا رہی ہیں ۔

Scroll to Top