حویلی: ایس کام کی سروس غائب، انٹرنیٹ بھی ناپید، عوام بنیادی سہولیات سے محروم

کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل)ضلع حویلی میں ناقص ایس کام سروس اور دیگر سہولیات کی کمی ۔

آزاد کشمیر کے مجموعی طور پر دس اضلاع ہیں جن میں سے نو اضلاع میں تمام بنیادی سہولیات بشمول بجلی، انٹرنیٹ، اور کمیونی کیشن سروسز بہتر انداز میں دستیاب ہیں۔ تاہم، ضلع حویلی آج بھی ان سہولیات سے محروم ہے۔

حویلی کے عوام کی جانب سے شدید احتجاج اور شکایات کے باوجود، ایس کام جیسی ناقص اور غیر مستحکم سروس پر انحصار عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور نیٹ ورک کا نظام اکثر گھنٹوں بلکہ دنوں تک معطل رہتا ہے، جس سے تعلیمی سرگرمیاں، کاروبار، آن لائن کام اور سرکاری معاملات متاثر ہوتے ہیں۔

عوام کا سوال ہے کہ جب ہجیرہ، عباسپور اور دیگر اضلاع میں تمام نیٹ ورک کمپنیوں کی سروسز دستیاب ہیں، تو ضلع حویلی اس سہولت سے کیوں محروم ہے؟
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ حویلی کے عوام کو ’’خصوصی پسماندگی‘‘ کا شکار بنا دیا گیا ہے، جہاں جدید دور میں بھی رابطے کی بنیادی سہولت میسر نہیں۔

ذرائع کے مطابق، نیٹ ورک کمپنیوں کی جانب سے بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی، دشوار گزار پہاڑی علاقہ، اور سرکاری سطح پر عدم توجہی اس تاخیر کی بڑی وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔ تاہم عوام کا مؤقف ہے کہ ’’اگر دوسرے پہاڑی اضلاع میں نیٹ ورک فراہم کیا جا سکتا ہے، تو حویلی میں کیوں نہیں؟‘‘

شہریوں نے حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی وزارتِ ٹیلی کمیونی کیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع حویلی میں دیگر کمپنیوں کو سروسز دینے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام بھی مساوی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی ریاست ٹینیسی کے اسلحہ پلانٹ میں خوفناک دھماکہ، 19 افراد ہلاک

Scroll to Top