ابو ظہبی میں مقیم پاکستانی شہری کی راتوں رات قسمت بدل گئی!

ابوظبی (کشمیر ڈیجیٹل): متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی میں مقیم پاکستانی شہری سعید حافظ عبدالمجید کی برسوں کی کوشش آخرکار رنگ لے آئی۔ 33 سالہ سعید مجید، جو ایک کنسٹرکشن کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں، 2009 سے یو اے ای میں مقیم ہیں جبکہ ان کی فیملی پاکستان میں رہائش پذیر ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعید حافظ عبدالمجید گزشتہ 15 برسوں سے بگ ٹکٹ ڈرا میں حصہ لے رہے تھے اور 2010 سے اب تک ہر ماہ کم از کم ایک ٹکٹ خریدتے آرہے ہیں۔ اس بار بگ ٹکٹ کے ہفتہ وار ای ڈرا میں انہوں نے ٹکٹ نمبر 341851 کے ذریعے 50 ہزار درہم یعنی تقریباً 38 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے کا انعام جیت لیا۔

انعام جیتنے کے بعد سعید مجید نے کہا کہ وہ پندرہ سال سے بگ ٹکٹ خرید رہے تھے اور بالآخر ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اس بار ٹکٹ خریدا تو انہیں یقین تھا کہ قسمت ان کا ساتھ دے گی۔

سعید مجید کے مطابق وہ کئی برسوں سے بگ ٹکٹ کے میزبان رچرڈ کی کال سننے کے منتظر تھے اور اس بار ان کی یہ خواہش بھی پوری ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انعام ایسے وقت میں ملا جب انہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ وہ جیتی ہوئی رقم اپنے کاروبار کو بڑھانے میں استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے: پاکستان کا اقوام متحدہ میں دوٹوک مؤقف

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مالی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے اور اس انعامی رقم نے ان کے حالات بدل دیے ہیں۔ انہوں نے بگ ٹکٹ خریدنے والوں کو مشورہ دیا کہ کوشش جاری رکھیں، کیونکہ قسمت کب مہربان ہو جائے، یہ کوئی نہیں جانتا۔

Scroll to Top