پیٹربرا :مسلم کونسل آف پیٹربرا کے زیرِ اہتمام شاندار اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقامی اسکولوں اور مدرسوں کے اُن طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈونلڈ مکلیی نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ بنیاد ہے جو کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرتی ہے۔
مسلم کونسل آف پیٹربرا کے چیئرمین محمد ایوب چودھری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف مزید راغب کرنا اور اُن کی محنت و قابلیت کو سراہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈز نہ صرف طلبہ کی محنت کا اعتراف ہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کی رہنمائی اور کاوشوں کا بھی اعزاز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان وائلڈ لائف پروٹیکشن ایوارڈزنامزدگیاں،سنولیپرڈ ایوارڈ آزادکشمیر کےمحمد اسماعیل کے نام
تقریب سے پیٹربرا سٹی کونسل کی لیڈر کونسلر شبینہ اسد قیوم، مسلم کونسل آف مساجد کے چیئرمین عبدالمقدس چوہدری، مقامی اسکولوں کے سربراہان اور ماہرینِ تعلیم نے خطاب کیا۔
مقررین نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیٹربرا کی کامیابی اُس کے کثیرالثقافتی معاشرتی تانے بانے میں مضمر ہے، جہاں مختلف برادریاں باہمی احترام اور تعاون سے ترقی کی راہیں ہموار کر رہی ہیں۔
شرکاء نے مسلم کونسل آف پیٹربرا کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی یہ پہل نوجوانوں میں علم، خود اعتمادی اور سماجی شعور بیدار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔
تقریب کے اختتام پر تمام انعام یافتہ طلبہ، اُن کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی گئی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔




