امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے ہمارے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں اوراس کا مطلب یہ ہے کہ تمام یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا
الجزیرہ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ کے تحت اسرائیل مضبوط، پائیدار اور لازوال امن کی طرف پہلے قدم کے طور پر اپنے فوجیوں کو متفقہ لائن پر واپس لے جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ تمام فریقین کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے گا، یہ عرب اور مسلم دنیا، اسرائیل، تمام ارد گرد کے ممالک اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے لئے ایک عظیم دن ہے
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں جنگ بندی سے متعلق 90 فیصد معاملات طے پا چکے : امریکی وزیر خارجہ
انہوں نے کہا کہ ہم قطر، مصر اور ترکیہ کے ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے اس تاریخی اور بے مثال واقعہ کو انجام دینے کے لیے ہمارے ساتھ کام کیا۔ہم امن لانے والے ہیں، جلدہی مزید امن لائیں گے۔
دریں اثناء قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ ثالثوں نے اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی ’’تمام دفعات اور نفاذ کے طریقہ کار‘‘ پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جو جنگ کے خاتمے، اسرائیلی اسیران اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور امداد کے داخلے کا باعث بنے گا۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا




