راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی بھی “نئے نارمل” کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) پنڈی میں ہوئی جس میں بھارتی سرپرستی میں ہونےوالےدہشتگرد حملوں کےشہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیرملکی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کےجوانوں کے جذبے،عزم اور حوصلے کو سراہا اور سیلابی صورتحال میں امدادی اور بحالی سرگرمیوں میں پاک فوج کے کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشتگردی کے خلاف آپریشنز، اُبھرتےخطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا اور فورم نے کہاکہ پاک فوج ملکی دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کوہرمیدان میں ناکام بنانے کےلیےہمہ وقت تیار ہے،
مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کاگٹھ جوڑ ریاست اور عوام کےمفادات کو نقصان پہنچارہا ہے اور مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کاگٹھ جوڑ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی سیاسی وعسکری قیادت کے حالیہ غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پرشدیدتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بیانات بھارت کی پرانی عادت ہیں اور سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون پیدا کرنے کا تسلسل ہیں، ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
فورم نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی بھی تصور کو نیست و نابود کر دیا جائے گا اور کسی بھی “نئے نارمل” کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا، جو اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ ردعمل کے لیے ہے۔
یہ معاہدہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔
فورم نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو دہراتے ہوئے کہاکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
اسی طرح فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ غزہ میں جلد از جلد جنگ بندی ہو اور انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہو۔
فورم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا، جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اجلاس کے اختتامی کلمات میں آرمی چیف نے تمام کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدت اور مؤثر ردعمل میں اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا گیا




