وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر بھیجی گئی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی اسلام آبادمیں ملاقات

اسلام آباد: آزاد کشمیر میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے کامیاب حل کے بعد، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے آزاد کشمیر میں امن کی راہ ہموار کرنے پر مذاکراتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کامیابی پر انہیں مبارک باد دی ۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آ جانا خوش آئند ہے، عوامی مفاد اور امن ہماری ترجیح ہے اور آزاد کشمیر کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو انفرادی اور اجتماعی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں بھرپور شاباش دی۔

شہباز شریف نے اس کامیابی کو “پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی بڑی کامیابی” قرار دیا اور کہا کہ سازشیں اور افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، الحمدللہ۔ انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد دی۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور عوامی مفاد اور امن ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے بھی درخواست کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ کی ضلع کوٹلی میں زلزلہ شہداء کی یاد میں خصوصی تقریر

یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج پر وزیرِ اعظم نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے متعدد سیشنز کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تحریری معاہدہ طے پایا۔

Scroll to Top