وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ کی ضلع کوٹلی میں زلزلہ شہداء کی یاد میں خصوصی تقریر

وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ 08 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلہ کے بعد مملکت خداداد پاکستان کی بے مثال خدمت کشمیری عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ 8 اکتوبر 2005 کے المناک زلزلے کے شہداء کو پوری قوم عقیدت و احترام سے یاد کرتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ دن ہمیں اُس دکھ بھرے لمحے کی یاد دلاتا ہے جب آزادکشمیر کی سرزمین لرز اٹھی، ہزاروں قیمتی جانیں شہید ہوئیں، اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔ بین الاقوامی برداری، دوست ممالک اور بالخصوص پاکستانی حکومت، عوام اور افواجِ پاکستان نے اس سانحے کے بعد جس غیر معمولی جذبے، قربانی اور خدمتِ انسانیت کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ کی ہولناک تباہی کے بعد پہاڑوں، وادیوں اور تباہ شدہ بستیوں میں پاک فوج کے جوان دن رات امدادی کاموں میں مصروف رہے۔ پاکستانی عوام اور افواج نے خوراک، ادویات، خیمے اور ضروری سامان پہنچا کر متاثرین کی زندگیوں میں امید کی کرن روشن کی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ریلیف اور بحالی کے جس منظم نظام کے تحت کام کیا، وہ ایک مثال بن گیا۔ پاکستانی قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر عطیات دیے، امدادی سامان جمع کیا اور ہر سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب پوری قوم ایک خاندان بن گئی، رنگ، نسل اور علاقے کے فرق کے بغیر سب ایک مقصد کے لیے متحد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: 19 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت11 جوان شہید

پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ایراء، سیراء، این جی اوز اور سرکاری اداروں کی مشترکہ کوششوں سے آزادکشمیر آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ 8 اکتوبر ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے، قدرتی آفات کے خلاف تیاری کو مضبوط کرنے، اور پاکستان و آزادکشمیر کے درمیان اخوت و محبت کے رشتے کو مزید مضبوط کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی افواج نہ صرف ایک مضبوط محافظ ہیں بلکہ انسانیت کے سچے خدمتگار بھی ہیں اور کشمیری عوام اُن کی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں زلزلہ شہداء کی بیسویں برسی: دعائیہ تقریبات اور یادگار ریلیاں منعقد

Scroll to Top