سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران 11 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیّب راحت سمیت 9 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
شہید ہونے والے دیگر جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی، اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔ علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دیگر خوارجیوں کی تلاش کے لیے صفائی آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، اور شہداء کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں زلزلہ شہداء کی بیسویں برسی: دعائیہ تقریبات اور یادگار ریلیاں منعقد




