رواں سال کا پہلا سپر مون معمول سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن نظر آ رہا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کے پہلے سپر مون کا دلکش نظارہ دیکھا جا رہا ہے۔ یہ چاند سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق میں طلوع ہوا اور عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا جبکہ 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے رہا ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق، سپر مون کے دوران چاند زمین کے نسبتاً قریب ہونے کے باعث زیادہ روشن اور بڑا دکھائی دیتا ہے۔ اس بار کا سپر مون “ہارویسٹ سپر مون” (Harvest Supermoon) کہلایا، جو زمین کے قریب ترین مقام پر پہنچنے کے باعث معمول سے زیادہ چمکدار نظر آیا۔

چاند اپنے عروج پر 99.8 فیصد روشن ہے جبکہ اس کے قریب سیارہ زحل بھی نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جو چاند کے بائیں جانب موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون کا یہ منظر قدیم زمانے میں کسانوں کے لیے اہم تصور کیا جاتا تھا، کیونکہ وہ خزاں کی فصلیں کاٹنے کے لیے اس اضافی روشنی سے فائدہ اٹھاتے تھے، اسی وجہ سے اسے “ہارویسٹ مون” کا نام دیا گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر صارفین نے سپر مون کی دلکش تصاویر شیئر کیں۔ ان میں سابق امریکی عہدے دار مونیکا کراؤلی اور معروف خلا باز کرس ہیڈفیلڈ بھی شامل تھے، جنہوں نے اسے “قدرت کا حسین جادو” قرار دیا۔

ماہرینِ نجوم کے مطابق، اس بار کا سپر مون برجِ حمل (Aries) میں واقع تھا، جو جذبے، عمل اور نئے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کون لوگ ہو تُسی؟ وسیم اکرم کی تصویر بھارتی میڈیا پرچلا دی، اصل کہانی جانیے!

رواں سال کا دوسرا سپر مون 5 نومبر 2025 کو اور تیسرا 5 دسمبر کو نظر آنے کا امکان ہے، جبکہ نومبر والا سپر مون سال کا سب سے روشن سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top