لیپہ (جی ایم بخاری)وادیِ لیپہ میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری کا آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز شدید بارش اور برف باری کے باعث لیپہ روڈ گزشتہ شام بند ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں ۔
آج علی الصبح محکمہ شاہرات جہلم ویلی کی مشینری بمع عملہ موقع پر پہنچ گئی اور برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔ مسلسل کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد الحمدللہ صبح 10 بجے لیپہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے ۔
محکمہ شاہرات کے مطابق برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، تاہم ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے عملہ ہمہ وقت موجود ہے ۔
محکمہ شاہرات جہلم ویلی کے مطابق اطلاع ملتے ہی محکمہ کی مشینری اور عملہ صبح سویرے ہی موقع پر پہنچ گیا۔ برف ہٹانے اور سڑک کھولنے کا کام مسلسل کئی گھنٹے جاری رہا۔ عملے نے دشوار گزار مقامات پر بھاری مشینری کے ذریعے برف صاف کی اور پھسلن کے باعث سڑک پر ریت بھی ڈالی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عید سے قبل بارشوں کانیا سلسلہ شروع،پہاڑو ں پر برف باری کا امکان،محکمہ موسمیات
صبح 10 بجے لیپہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی۔ بحالی کے بعد مسافروں اور مقامی افراد نے محکمہ شاہرات کی فوری کارروائی کو سراہا ۔
محکمہ شاہرات کے ترجمان کے مطابق وادی میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے اب بھی جاری ہے، تاہم سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے عملہ اور مشینری ہمہ وقت چوکس ہے ۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر برفانی سڑکوں کے لیے موزوں چینز لازمی استعمال کریں ۔
دوسری جانب، برف باری سے وادی کا حسن دوچند ہو گیا ہے۔ سیاحوں نے اس قدرتی نظارے سے لطف اندوز ہونےکیلئے وادی کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ مقامی ہوٹل مالکان اور تاجر برفانی موسم کے آغاز کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں ۔




