کوالالمپور: (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران علامہ اقبالؒ کے مشہور شعر “خودی کو کر بلند اتنا…” کا انگریزی ترجمہ اور تشریح پیش کر کے سب کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم نے شعر کے ہر لفظ کو انگریزی زبان میں تفصیل سے سمجھاتے ہوئے اقبال کے فلسفۂ خودی کی گہرائی بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی محنت، کردار اور یقین سے اس مقام تک پہنچ جائے جہاں تقدیر بھی اس کی رضا پوچھنے پر مجبور ہو۔ وزیراعظم کی انگریزی زبان میں دلچسپ اور پراثر تشریح پر حاضرین نے زبردست داد دی اور ان کے اندازِ گفتگو کو خوب سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، اور وہ ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا ملائیشیا کا پہلا دورہ ہے، اور وہ والہانہ استقبال پر ملائیشین صدر داتو سری اور وزیراعظم انور ابراہیم کے مشکور ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انور ابراہیم ایک باصلاحیت رہنما ہیں جنہوں نے ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، اور توانائی کے شعبوں میں مثبت بات چیت ہوئی ہے، جو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم کی کتاب “سکرپٹ” کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ تصنیف اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان تعلقات کو مزید قریب لانے میں پل کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومیں محنت سے ترقی کرتی ہیں اور پاکستان ملائیشیا کے تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انور ابراہیم نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے خطے کی صورتحال، فلسطین، اور امن و استحکام پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اور دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشیں خطے میں امن کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔ ان کے مطابق، “ہمارے خطے میں استحکام کے لیے پاک بھارت امن نہایت اہم ہے، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔”
یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کاامریکی بحریہ کی سالگرہ تقریب میں رقص، اہلکاروں نے بھر پور داد دی
اس موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب “اسکرپٹ” کی رونمائی بھی کی گئی، جس میں لیڈر شپ سے متعلق ان کے خیالات شامل ہیں۔ بعد ازاں ملائیشیائی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔




