متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ماہرین فلکیات نے رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ کی پیش گوئی کر دی ہے ۔
متحدہ عرب امارات کے ماہر ین ِ فلکیات نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا آغاز جمعرات، 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ امارات فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق ابتدائی فلکیاتی حسابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ رمضان کی آمد میں تقریباً 139 دن باقی ہیں ۔
سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے بتایا کہ رمضان کا نیا ہلال (چاند) 17 فروری بروز منگل شام 4 بج کر 1 منٹ پر (یو اے ای کے وقت کے مطابق) پیدا ہوگا۔ تاہم، یہ چاند غروبِ آفتاب کے صرف ایک منٹ بعد غروب ہو جائے گا، جس کے باعث اس شام چاند کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ : بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی
اسی بنیاد پر امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رمضان کا پہلا دن جمعرات 19 فروری 2026 کو ہوگا ۔ البتہ اس کی حتمی تصدیق رویتِ ہلال کی سرکاری کمیٹیاں چاند دیکھنے کے بعد کریں گی ۔
مزید برآں ابوظہبی میں روزے کے اوقات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رمضان کے آغاز میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 46 منٹ ہوگا ، جو مہینے کے اختتام تک تدریجاً بڑھ کر 13 گھنٹے 25 منٹ تک پہنچ جائے گا ۔