گریس ویلی نیلم میں سیزن کی پہلی برف باری، کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری

گریس ویلی نیلم کے پہاڑوں میں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس کے باعث سردی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ موسماتی تبدیلیوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال سردیوں کا دورانیہ طویل اور شدت معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

جہلم ویلی اور ہٹیاں بالا میں ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

استور کے بالائی علاقوں، چلم شیر قلی سمیت دیگر مقامات پر بھی موسمِ سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 اکتوبر سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 6 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے اور کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق انتظام کریں۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ اوکاڑہ، ساہیوال، قصور میں تیز آندھی کے ساتھ بارش جبکہ کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئی، جس میں پشاور ایئرپورٹ میں 15 ملی میٹر، پتن میں 14، پاراچنار میں 10، دیر میں 3 اور چترال میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلگت بلتستان میں استور میں 4، بگروٹ میں 2 اور بونجی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب میں منگلا میں 3 اور منڈی بہاؤالدین میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سندھ کے شہر پڈعیدن میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں آج پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہوگا

آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: تربت 42، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور خانپور میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

Scroll to Top