اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنے برطانیہ کیلئے فضائی آپریشن کی بحالی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے 25 اکتوبر سے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لئے پروازیں شروع کرے گی۔ پہلے مرحلے میں ہفتے اور منگل کے روز دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ “اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ مشکل وقت ختم ہو رہا ہے، 25 اکتوبر سے اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پی آئی اے کی دو ہفتہ وار پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں لگنے والی پابندیاں اب ختم ہونے جا رہی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا تھا کہ برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد پروازوں کی بحالی ممکن ہو سکی ہے۔ ہائی کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں مانچسٹر کیلئے پروازیں شروع ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں لندن اور برمنگھم کے لئے بھی فضائی سروس بحال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گلیکسی ایس 26 الٹرا بارے تازہ لیک میں پرائیویسی فیچرکاانکشاف
ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کمیونٹی کو سہولت ملے گی جو طویل عرصے سے براہ راست پروازوں کے آغاز کے منتظر تھے۔ اس اقدام سے نہ صرف مسافروں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ تجارتی اور سماجی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔




