بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی، آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں 7 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور یہ گروہ بھارت کی پشت پناہی سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے ، تخریبی کارروائیاں کرنے اور شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے میں ملوث رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے بعد علاقے کی مکمل تلاشی لی گئی ، جہاں سے دہشت گردوں کے زیرِ استعمال بھاری اسلحہ ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ، ان دہشت گردوں کا تعلق ان عناصر سے بتایا گیا ہے جو ماضی میں فورسز اور شہریوں پر حملوں سمیت علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں سرگرم تھے ۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے ، بیان میں واضح کیا گیا کہ بھارتی اسپانسرڈ گروہوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور امن اور استحکام کے قیام تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:غیر قانونی افغان باشندے دہشتگردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر
مقامی ذرائع کے مطابق شیرانی اور گرد و نواح کے علاقوں میں فورسز کی ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی سے عوام میں اطمینان کی فضاء پیدا ہوئی ہے اور شہریوں نے دہشت گردوں کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔




