نادرا

شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری : نادرا نے مشکل کام آسان کر دیا

اسلام آباد: نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی ایپ میں نیا فیچر شامل کردیا جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اپنا موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس باآسانی اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی موبائل ایپلی کیشن پاک آئی ڈی کا نیا ورژن 5.0.4 متعارف کرا دیا ہے ، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی رجسٹریشن سروسز گھر بیٹھے فراہم کرنا ہے ۔

نادرا کی اس تازہ اپ ڈیٹ نے موبائل نمبر اور ای میل اپ ڈیٹ جیسی اہم سہولیات کے لیے دفاتر جانے کی ضرورت ختم کر دی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہری اب کس طرح فیس جمع کرائینگے ؟ نادرا نے بڑی سہولت متعارف کروا دی

اپ گریڈ شدہ ایپ میں صارفین اپنی پروفائل سیٹنگز کے ذریعے موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس میں تبدیلی کر سکتے ہیں ۔

موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کے لیے صارف کو سب سے پہلے ایپ کھول کر پروفائل سیٹنگز میں موجود موبائل ایڈٹ آپشن پر جانا ہوگا ۔

نیا نمبر درج کرنے کے بعد اس نمبر پر ایک ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) بھیجا جاتا ہے، جس کی تصدیق کے بعد نمبر کامیابی کے ساتھ اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے ۔ بالکل اسی طرح ای میل ایڈریس کی تبدیلی کا عمل بھی مکمل کیا جا سکتا ہے ۔

نادرا کے مطابق ایک فعال موبائل نمبر کو اپنے پروفائل سے منسلک کرنا شہریوں کے لیے اس لحاظ سے فائدہ مند ہے کہ انہیں اپنے شناختی کارڈ ، فیملی رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ خدمات کے بارے میں فوری طور پر اطلاعات موصول ہوں گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا نے درخواستوں کا اسٹیٹس آن لائن معلوم کرنے کی سہولت متعارف کرادی

اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ جدید اور مؤثر انداز میں خدمات حاصل کرنے کا بہترین موقع ملے گا ۔

Scroll to Top