محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے روز کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ زیریں سندھ کے بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے اور کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور چند مقامات پر گرج چمک اور بارش کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ اور نارووال میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 20 ملی میٹر، دیر بالا میں 13، دیر زیریں میں 4، چراٹ میں 8 اور کاکول میں 1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سندھ کے دادو اور پنجاب کے نارووال میں 2، 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: خوبصورت بال، روشن جِلد اور مضبوط جسم ، پالک کے کمالات جانیے
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 43 ڈگری، جبکہ لسبیلہ اور نورپورتھل میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔