وزیراعظم شہبازشریف کا آزادکشمیر کی صورتحال کا نوٹس، نئی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد:وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لے کر نئی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہےاور شہریوں سے پرامن رہنے کی بھی اپیل کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم میاں شہبازشریف نےآزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر اعظم نے شہریوں سے پُر امن رہنے کی زوردار اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہےتا ہم مظاہرین امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی کے پرتشددمظاہروں میں6سویلیں،3پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے، حکومت

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم نے احتجاجی مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے جبکہ حکومتی سطح پر مسئلے کے پرامن حل کے لیے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مذاکراتی کمیٹی فوری مظفرآباد جائے اور مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالے۔ شہبازشریف نے ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے تعاون کرے۔

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو بھجوائے گی تاکہ مسائل کے فوری تدارک کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

وزیر اعظم نے وطن واپسی پر مذاکرات کے عمل کی نگرانی کا اعلان بھی  کر دیاہے۔

Scroll to Top