پرانی گاڑیوں کی درآمد پر کمرشل بنیادوں پر پابندی ختم

گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ حکومت نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 میں اہم ترمیم کرتے ہوئے پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے دی ہے۔

وزارتِ تجارت کی جانب سے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اب پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کو تجارتی بنیادوں پر ملک میں درآمد کیا جا سکے گا۔

نئی پالیسی کے تحت یہ سہولت یکم اکتوبر 2025 سے 30 جون 2026 تک دستیاب ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس مدت کے بعد گاڑیوں کی عمر کی موجودہ حد ختم کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

وزارت تجارت نے واضح کیا ہے کہ درآمد شدہ گاڑیوں کو ماحولیاتی تحفظ، سیفٹی اور کوالٹی کے عالمی معیارات پر پورا اترنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) کی ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ صارفین کو معیاری اور محفوظ گاڑیاں فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 4 اکتوبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

حکومت کی اس نئی پالیسی کو ماہرین آٹو سیکٹر میں مسابقت بڑھانے، صارفین کو زیادہ انتخابی سہولت دینے اور ماحولیاتی بہتری کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top