مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج کشیدگی اختیار کر گیا، پولیس بس پر پتھراؤ

مظفرآباد: عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران کشیدگی بڑھ گئی، مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس سے پولیس کی بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے شہر میں احتجاج کرتے ہوئے پولیس کو نشانہ بنایا۔ پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس کی بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور پولیس نے علاقے میں مزید نفری تعینات کر دی ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

مظفرآباد میں امن ریلی اور عوامی ایکشن کمیٹی آمنے سامنے آ گئے تھے۔ حکام کے مطابق شرپسند عناصر نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جس کے دوران تصادم ہوا اور گیارہ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے کارروائی کی، جبکہ شہریوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رویے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کے نام پر بدامنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ مسلم کانفرنس کی جانب سے آج شہر کی سڑکوں پر پرامن مارچ کیا گیا۔ مارچ میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پرامن انداز میں اپنی موجودگی کا اظہار کیا۔ حاضرین کا کہنا تھا کہ امن و استحکام خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے اور عوام کی آواز کو مثبت انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے۔ مارچ کے دوران شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہی ۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم ویلی : پاک فوج کے حق میں ریلی، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق

Scroll to Top