پاکستان میں وائی فائی 7 ٹیکنالوجی کے نفاذ کی منظوری

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی 7 اور مستقبل کی وائی فائی جنریشنز کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ سہولت 6 گیگا ہرٹز بینڈ (5925–6425 MHz) میں فراہم کی جائے گی۔

ریگولیٹر کے مطابق یہ فیصلہ وائی فائی 6E کے لیے پہلے سے طے شدہ اصولوں کے مطابق ہے اور پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ اس اقدام کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں وائی فائی 7 اپنانے والے اولین ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مختلف شعبوں میں تیز تر اور مستحکم کنیکٹیویٹی میسر آئے گی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف کو تقویت ملے گی۔

وائی فائی 7 الٹرا ہائی ڈیٹا ریٹس، کم لیٹنسی اور بہتر ریلائی ایبلٹی فراہم کرے گی۔ یہ ٹیکنالوجی مستقبل کی ایپلی کیشنز جیسے 8K اسٹریمنگ، اے آر/وی آر اور انڈسٹریل آٹومیشن کے لیے موزوں ہوگی۔ پی ٹی اے کے مطابق وائی فائی 7 پرانی فریکوئنسی بینڈز پر دباؤ کم کرے گی اور صارفین کے لیے بہتر تجربہ فراہم کرے گی جبکہ نئے ڈیجیٹل سروسز کو بھی ممکن بنائے گی۔

ریگولیٹر نے زور دیا کہ اس اقدام سے براڈ بینڈ ڈلیوری کی لاگت کم ہوگی اور گھریلو صارفین، ایس ایم ایز، تعلیمی ادارے، صحت مراکز اور اسمارٹ شہروں کے لیے جدید سہولیات ممکن بنیں گی۔ مزید یہ کہ بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے اختراع کو فروغ، بنیادی خدمات تک رسائی میں آسانی اور مجموعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: فوری وارننگ! بی ایم ڈبلیو مالکان اپنی گاڑیاں گھر یا عمارت کے قریب پارک نہ کریں

پی ٹی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایسی پالیسیز اور ریگولیشنز مرتب کرتا رہے گا جو جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل گیپ کے خاتمے اور جامع ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے معاون ثابت ہوں۔

Scroll to Top