چوہدری یٰسین

چوہدری یٰسین کی پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی،ٹکٹ ہولڈرز کو اہم ہدایت

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل)صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ مورخہ 29 ستمبر بروز سوموار 2025ءجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے موقع پر اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں موجودگی کو یقینی بنائیں ۔ 

چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا ہر سیاسی رہنما اور کارکن کا حق  ہے لیکن انتشار نہ پھیلایا  جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی جدوجہد کی علامت رہی ہے اور آج بھی عوام کے شانہ بشانہ اور ساتھ کھڑی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کا عظیم الشان اجتماع نظریاتی تخریب کاروں کیلئے چیلنج ، چوہدری یٰسین

انہوں نے کہا کہ اس روز پارٹی کے رہنما اور کارکن نہ صرف اپنے حلقوں میں موجود رہیں بلکہ عوام کے ساتھ مل کر امن و امان کے قیام اوراپنے اپنے حلقہ انتخاب میں موجود دکانیں ہر صورت کھلوائیں ۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں بھی فعال کردار ادا کریں  تاکہ عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

پی پی پی آزاد کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد حکمرانوں کوعوامی مسائل کی طرف توجہ دلانا ہے، لہٰذا اس موقع پرعوام کو چاہیے کہ نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں ۔ آزاد کشمیر میں کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بدمعاشی نہیں چلے گی ، تاجر دکانیں کھولیں میرے ہوتے کوئی خطرہ نہیں، چوہدری یٰسین

ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پارٹی کی جدوجہد ہر فورم  پر جاری و ساری رہے گی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے عوامی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔

Scroll to Top