اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر،مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ سیز فائر لائن کے آر پار رہنے والے اور پاکستان میں مقیم کشمیری ایک ہیں،پاکستان میں آباد کشمیریوں کی شناخت چھیننے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کشمیریوں کی تعداد یا گنتی گھٹانے کی کوئی کوشش یا مطالبہ تحریک آزادی کشمیر سے رو گردانی ہوگا جو کہ کسی طور قابل قبول نہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: مساجد سے اعلانات پر پابندی عائد، آزادکشمیر کی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو انکی شناخت اور شہریت سے بے دخل نہیں کر سکتی ،ہندوستان تسلسل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کی آباد کاری کروا رہاہے تاکہ کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آباد کشمیریوں کی جڑیں مقبوضہ جموں و کشمیر سے آزاد جموں و کشمیر تک پھیلی ہوئی ہیں ، ان جڑوں کو کاٹنے کا مطالبہ کشمیر کی آزادی کے عظیم کاز کے منافی ہے۔
انہوں نے پیغام میں کہا کہ مطالبات کریں ، سوال کریں ، جواب مانگیں ، ضروت پڑے تو اپنے جائز حقوق کیلئے پر امن سیاسی جدوجہد کریں لیکن پاکستان میں آباد کشمیریوں کی شناخت چھیننے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ثالثی کی پیشکش
یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 29ستمبر کو آزادکشمیر میں احتجاج کا اعلان کررکھا ہے، ایکشن کمیٹی کی طرف سے مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جس پرردعمل سامنےآرہا ہے۔




