انجمن تاجران ہٹیاں بالا نے عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کال مسترد کردی

انجمن تاجران ہٹیاں بالا بازار کے نائب صدر شیخ صادقین نے 29 ستمبر کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

شیخ صادقین نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی میں ایک “انتشاری ٹولہ” شامل ہو گیا ہے جو پاکستان مخالف نعرے لگاتا ہے، اداروں کے خلاف بولتا ہے اور ریاست میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں انہوں نے عوامی حقوق کی خاطر کمیٹی کی کال پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، لیکن اب یہ عناصر تحریک کو اصل مقصد سے ہٹا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، حال ہی میں جے کے ایل ایف کے رہنما امان اللہ صاحب نے بیان دیا کہ وہ مظفرآباد اسمبلی کو آگ لگا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے کل 38 مطالبات میں سے 36 تسلیم کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 2 پر بھی بات چیت جاری تھی، لیکن مذاکرات کو جان بوجھ کر مکمل نہیں ہونے دیا گیا۔ شیخ صادقین نے مزید کہا کہ “مہاجرین بھی ہمارے بھائی ہیں، ہم ان کے خلاف کیوں بات کریں؟”

نائب صدر انجمن تاجران نے تاجروں کو پیغام دیا کہ 29 ستمبر کو اپنے کاروبار کھولیں اور اس “انتشاری ٹولے” سے خود کو الگ کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ فائنل: پاک بھارت پہلی بار آمنے سامنے

Scroll to Top