دبئی (کشمیر ڈیجیٹل) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں داخلے کے اجازت نامے کے خواہشمندوں کیلئے ایک نئی شرط عائد کی گئی ہے، جس کے تحت اب درخواست دہندگان کو اپنے پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کی کاپی جمع کرانی ہوگی ۔ اس نئے ضابطے کو اماراتی حکام نے فوری طور پر نافذ کیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایک سرکاری نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ داخلے کے اجازت نامے کے لیے ہر درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کو منسلک کرنا لازمی ہے ۔ اس ہدایت کی تصدیق عامر سینٹر کے نمائندے نے بھی کی ہے ۔
موجودہ ضروریات میں درخواست گزار کے پاسپورٹ کی کاپی ، پاسپورٹ کے سائز کی واضح تصویر، ہوٹل کی بکنگ کی تصدیق اور واپسی کا ہوائی ٹکٹ شامل تھا لیکن اب پاسپورٹ کا کور پیج بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے ۔
اس فیصلے کے اچانک اعلان سے بہت سے مسافروں اور ٹریول ایجنٹس میں تشویش پائی جاتی ہے ، کیونکہ اس کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں ۔
حکام نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے کہ کور پیج کی کاپی جمع کرانے کی ضرورت کیوں ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دستاویز کی تصدیق یا شناخت کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے یہ شرط عائد کیے جانے کا امکان ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ طے پا گیا
ٹریول انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات کور پیج پر پاسپورٹ کی تیاری یا ملک کے سرکاری نشان سے متعلق اہم تفصیلات ہوتی ہیں جو تصدیق کے عمل میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں ۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ایک پرکشش مقام ہے ، یہی وجہ ہے کہ اماراتی حکام وقتاً فوقتاً ویزا اور داخلے کی پالیسیوں میں ترمیم کرتے رہتے ہیں ۔
اس تازہ ترین ترمیم کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم، مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ پاسپورٹ کے کور پیج سمیت مکمل دستاویزات کو انٹری پرمٹ کی درخواست کے ساتھ منسلک کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے ۔