فلیگ مارچ

ڈی سی و ایس ایس پی کی سربراہی میں میرپور میں طویل ترین فلیگ مارچ، بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں

میرپور( کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خرم اقبال کی سربراہی میں ضلع میرپور میں طویل ترین فلیگ مارچ کیا گیا جس میں بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں ۔

فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد ضلع بھر میں قانون و آئین کی بالادستی ، شہریوں کی جان مال ، اداروں اور سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا اور شہریوں کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی سمیت مجموعی طور پر امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنا تھا۔

فلیگ مارچ ضلع کچہری سے ہوتا ہوا چتر پڑی ، منگلا ، افضل پور ،جاتلاں، خالق آباد ، ایف تھری ایف ون سے ہوتا ہوا چوک شہیداں پہنچا ۔ فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے قانون و آئین کی بالادستی قائم رکھنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات سے عوام الناس کو آگاہ رکھنا تھا ۔

فلیگ مارچ میں ضلعی انتظامیہ ، پولیس،ٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن ، ریسکیو 1122، شہری دفاع ، بم ڈسپوزل اسکواڈ ، فائر بریگیڈ، صحت عامہ ، انفارمیشن اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے محکموں کی گاڑیوں سمیت سیکورٹی اداروں کی بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں ۔

فلیگ مارچ کے دوران قانون نافذ کرنے اور عملدرآمد کرنے والے اداروں کے افسران اور پولیس کے جوان پرجوش تھے جو ریاست میں قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنے کے لئے ہر قسم کے حالات کے مقابلہ کرنے کے لئے بھرپور جذبہ سے سرشار تھے۔

فلیگ مارچ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس خرم اقبال کا کہنا تھا کہ ضلع میرپور میں قانون نافذ کرنے والے جملہ ادارے پوری طرح ہائی الرٹ ہیں اور عوام الناس کو تمام شہری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔

کسی کو بھی امن و امان کی صورت حال خراب نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی شہری سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے ساتھ کس قسم کی کوئی رعایت برتیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاق کی کوشش قابل تحسین ،چندہٹ دھرم لوگوں کی وجہ سے معاملات طے نہ پاسکے، چوہدری محمد یٰسین

انہوں نے عوام الناس سے بھی کہا کہ وہ ریاست بھر کی طرح ضلع میرپور میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی غیر قانونی اقدامات سے دور رکھیں ۔

Scroll to Top