سفر کی بیماری وجوہات اور بچاؤ کے طریقےکیا آپ نے کبھی بس، کار یا کشتی میں سفر کرتے وقت اچانک متلی، چکر یا الٹی محسوس کی ہے؟ اگر ہاں، تو یہ موشن سکنیس یا عام زبان میں ’’سفر کی بیماری‘‘ ہو سکتی ہے ۔
یہ ایک عام مسئلہ ہے جس سے زیادہ تر لوگ زندگی میں کبھی نہ کبھی دوچار ہوتے ہیں۔موشن سکنیس اس وقت پیدا ہوتی ہے جب دماغ ، آنکھیں اور اندرونی کان حرکت کے بارے میں مختلف سگنلز بھیجیں، جس سے دماغ الجھن کا شکار ہو جاتا ہے ۔
مثال کے طور پر جب آپ گاڑی میں بیٹھ کر باہر کا منظر دیکھ رہے ہوتے ہیں تو آنکھیں حرکت کا احساس دیتی ہیں لیکن اگر آپ کتاب پڑھ رہے ہوں یا موبائل استعمال کر رہے ہوں تو آنکھیں بتاتی ہیں کہ آپ ساکن ہیں، جبکہ اندرونی کان جسم کی حرکت کو محسوس کر رہا ہوتا ہے ۔
اس تضاد کی وجہ سے متلی، چکر اور بعض اوقات الٹی جیسی علامات ظاہر ہو جاتی ہیں۔موشن سکنیس کے دیگر عوامل میں ذہنی دباؤ اور خوف شامل ہیں۔ کچھ افراد سفر سے پہلے ہی گھبراہٹ یا پریشانی محسوس کرتے ہیں، جس سے معدے میں بے چینی پیدا ہوتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈسپوزیبل کپ اور پلیٹس دماغی بیماریوں کا باعث، نئی تحقیق کا انکشاف
تیز رفتاری اور شدید جھٹکے بھی موشن سکنیس کو بڑھا سکتے ہیں اور بھاری، چکنائی یا مصالحے دار خوراک معدے پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہے ۔ اس مسئلے سے بچاؤ کے لیے چند آسان تدابیر اپنائی جا سکتی ہیں ۔
سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ سفر کے دوران کھڑکی سے باہر کا منظر دیکھا جائے اور کتاب یا موبائل سے پرہیز کی جائے ۔ ہلکی خوراک لینا، ادرک چبانا یا ادرک کی چائے پینا بھی متلی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔
گہری اور آہستہ سانسیں لینے سے جسم پُرسکون رہتا ہے، اور گاڑی میں اگلی نشست پر بیٹھنے سے جھٹکے کم محسوس ہوتے ہیں ۔ گاڑی کی کھڑکی کھولنا یا اے سی چلانا تازہ ہوا فراہم کرتا ہے اور سہولت میں اضافہ کرتا ہے ۔
اگر یہ علامات بار بار ظاہر ہوں، تو ڈاکٹر سے مشورہ کر کے موشن سکنیس کی دوائی استعمال کی جا سکتی ہے۔ چند آسان اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے سفر زیادہ آرام دہ اور خوشگوار بنایا جا سکتا ہے اور متلی یا چکر جیسی تکالیف سے بچا جا سکتا ہے ۔




