وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اینڈریوز ائیر بیس پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ائیر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے شاندار استقبال کیا ۔ وزیرِ اعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ائیربیس سے روانہ ہوا ۔
وزیرِاعظم کچھ ہی دیر میں وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوگی،چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، اس مسئلے پر قابو پانا بڑی کامیابی ہے،وزیراعظم شہباز شریف
وائٹ ہاؤس کے مطابق اوول آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران مئی 2025 میں ہونے والی پاک بھارت جنگ اور مسئلہ کشمیر سمیت عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگوکا واضح امکان ہے ۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ سے مسلم رہنماؤں کی ملاقات مفید رہی ، اب اگلا مرحلہ طے کیے گئے نکات پر عمل درآمد کا ہے ۔
انہوں نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستانی افواج نے ہندوستان کو شکستِ فاش دی ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایا کہ کس طرح جنگیں لڑی جاتی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا امریکہ دورہ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اہم ملاقاتیں متوقع
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی ملاقات ہوئی ، اس دوران وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے مابین باہمی اعتماد اور علاقائی تعاون و ترقی پر مبنی تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم دُہرایا ۔




