سردار تنویر الیاس پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس میں فرد جرم عائد

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غلط استعمال کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی۔

یہ کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی سربراہی میں ہوئی، جہاں عدالت نے باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کی۔ تاہم سردار تنویر الیاس نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے مزید کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور پراسیکیوشن کے گواہان کو آئندہ پیشی پر طلب کر لیا۔

کیس کے مطابق سردار تنویر الیاس پر الزام ہے کہ انہوں نے وزارتِ عظمیٰ سے سبکدوش ہونے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سعودی عرب کا سفر کیا۔

یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس کو اس سے قبل 20 مئی کو ایک خاندانی جائیداد کے تنازعے میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، جس میں ان پر جائیداد ہتھیانے، جھگڑے میں فریق بننے اور ایک شاپنگ مال کے مرکزی دفاتر و اہم دستاویزات پر قبضہ کرنے کی کوشش کے الزامات لگائے گئے تھے۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، جو پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ تھے، رواں سال پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو مسئلہ کشمیر کے لیے مسلسل آواز بلند کرنے پر سراہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، اس مسئلے پر قابو پانا بڑی کامیابی ہے،وزیراعظم شہباز شریف

Scroll to Top