گردشی قرض تمام وسائل نگل رہا تھا، اس مسئلے پر قابو پانا بڑی کامیابی ہے،وزیراعظم شہباز شریف

نیویارک: (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا اور اس کے مسائل سے نمٹنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے نیویارک میں گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرضہ مسلسل بڑھ رہا تھا جبکہ بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں لائن لاسز کو کم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر توانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے بھرپور محنت کی اور آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے۔ وزیراعظم کے مطابق یہ منصوبہ اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے اس موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان کی معاشی بہتری کو سراہا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ گردشی قرضے کی وجہ سے معیشت پر بڑا بوجھ تھا جس سے توانائی کا شعبہ متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے لائحہ عمل طے کیا گیا اور اس اسکیم کے تحت آئندہ چھ برسوں میں گردشی قرضے سے مکمل نجات حاصل کرلی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاردہ میں تحصیل بار ایسوسی ایشن قائم، عبدالصمود اعوان بانی صدر منتخب

وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ پاور سیکٹر کے اسٹرکچرل مسائل حل کیے جارہے ہیں اور گردشی قرضے کے خاتمے کی اسکیم اس سمت میں اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے پر ایک سال سے کام جاری تھا اور اس کے نتیجے میں توانائی کے شعبے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

Scroll to Top